برسلز (بیلجیم): کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید کی جانب سے او پی ایف کے چیئرمین سید قمر رضا شاہ کے اعزاز میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں یورپ اور بیلجیم بھر سے معزز اوورسیز پاکستانیوں اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
اپنے خطاب میں سید قمر رضا شاہ نے پاکستان کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی ساکھ اور تعمیر و ترقی میں فیلڈ مارشل کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ “معرکۂ حق” کے بعد اب “معرکۂ تعمیر و ترقی” کا آغاز ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا حقیقی سرمایہ ہیں اور رواں مالی سال کے دوران تقریباً 38 ارب ڈالر پاکستان بھیجے جا چکے ہیں، جو 41 ارب ڈالر سے تجاوز کر سکتے ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ نائیکوپ ہولڈرز کو فائلر تصور کیا جائے گا جبکہ زمینوں کے ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کے بعد جائیدادوں کی خرید و فروخت کو آن لائن نظام سے منسلک کیا جا رہا ہے تاکہ اوورسیز پاکستانیوں کو جدید اور شفاف سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے 15 نمایاں اوورسیز پاکستانیوں کو مختلف اعزازات دینے کے منصوبے سے بھی آگاہ کیا۔
تقریب سے مختصر خطاب کرتے ہوئے چودھری محمد اکرم منہاس، مرکزی صدر پاکستان اوورسیز ایسوسی ایشن فورم (پی او ایف) انٹرنیشنل نے کہا کہ وہ کئی دہائیوں سے دنیا بھر میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے سرگرمِ عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک میں جہاں بھی اوورسیز پاکستانیوں کے حوالے سے سیمینارز، کنونشنز یا تقریبات منعقد کی جاتی ہیں، وہ وہاں اوورسیز کمیونٹی کی نمائندگی اور ان کے مسائل کے حل کے لیے موجود ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سید قمر رضا شاہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہے ہیں اور وہ ان کے دستِ راست کے طور پر اوورسیز کمیونٹی کے اعتماد کی بحالی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ تقریب میں ان کی طویل خدمات کو بھرپور انداز میں سراہا گیا جبکہ انہیں مختلف اعزازات اور اسناد سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ مقررین نے کہا کہ چودھری محمد اکرم منہاس جیسے افراد ملت کا قیمتی سرمایہ ہیں، جو برسوں سے بیرونِ ملک پاکستانیوں کے حقوق اور وقار کے لیے عملی جدوجہد کر رہے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر علی رضا سید نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور پاکستان کے مثبت تشخص کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا
POAF GALLERY
POAF GALLERY
Read more

























